اہم خبریںپاکستانفیچر کالمز

آرمی چیف اور زرداری کی خوشخبریاں،فواد کی یاوہ گوئی

Chief executive, Arshad mahmood Ghumman

حقیقت/تحریر، ارشدمحمودگھمن)

تاجروں پر طعن درازی اور الزام تراشی پر شرم آنی چاہئے۔بھلا دنیا بھر میں کون سا ملک ہے جہاں کسانوں یا تاجروں کا احترام نہیں کیا جاتا یا انہیں عزت نہیں دی جاتی۔کسی بھی معیشت یا ملک کے تاجر اور کاشت کار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔اس کرہ ارض پر تمام حکومتیں اور ریاستیں انہیں خصوصی سہولتیں اور رعایتیں دیتی ہیں تاکہ انسانی زندگی کا کارواں چلتا رہے ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری مگر انوکھے اور انہونے واقع ہوئے ہیں۔انہوں نے منہ بھر کر تاجروں کے خلاف یاوہ گوئی کی ہے۔چند دن پہلے ملک کے معززکاروباری لوگ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملے تو فواد چودھری کی زبان شعلے اگلنے لگی۔پی ٹی آئی کے رہنما نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کاروباری کمیونٹی کے جو لوگ آرمی چیف سے مل کر بتاتے ہیں کہ پاکستان کیسے ٹھیک ہونا ہے ،اس کا مقصد صرف اپنے کاروبار کا تحفظ کرنا ہے، یہ تاجر وہ ہیں جنہوں نے ہماری حکومت گرانے میں سازشیوں کا ساتھ دیا، اصل مسائل کا بڑا حصہ ان گروپوں کے مفادات ہیں، یہ تاجر انتہائی لالچی اور مفاد پرست ہیں۔یقین جانئے کوئی ذی شعور شخص ہوش میں ایسی غلیظ اور رکیک باتیں نہیں کر سکتا جو فواد چودھری نے کی ہیں۔جہلم کے سابق وزیر اطلاعات کو چھوڑیئے کہ وہ آج کل اپنے قائد عمران خان کی طرح سٹھیا گئے ہیں اور مجنونا نہ باتیں کرتے رہتے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے دس تاجر کیا ملے ،ملک میں معیشت کا جام پہیہ چل پڑا ہے ۔ ہمارے سپہ سالار نے مشکل وقت بیت جانے اور ڈیفالٹ کا خطرہ ختم ہونے کی خوشخبری سنائی ہے ۔پانچ کراچی کے اور پانچ ہی لاہور کے تاجر تھے جنہوں نے جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل آئے گا، ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا ہے، تاجر پریشان نہ ہوں، ہم جلد خوشحال قوم بن کر ابھریں گے۔اس وقت گہرا اندھیرا ہے اور پاکستان میں مہنگائی اور معاشی صورتحال نے ہر چھوٹے بڑے آدمی کو شدید پریشان کر رکھا ہے۔بڑے بڑے معاشی ماہرین ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی بڑ ہانک رہے ہیں۔ایسی تاریک اور مایوس کن صورتحال میں دو بڑی شخصیات اندھیرے میں مشعل کی طرح چمکی ہیں۔ایک آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہیں اور دوسرے سابق صدر مملکت آصف زرداری۔ان دونوں شخصیات نے قوم کی رگ پر ایسے ہاتھ رکھ دیا ہے جیسے معالج مریض پر ہاتھ رکھ دے اور اسے قرارآئے۔جنرل عاصم منیر اور آصف زرداری نے کھل کر قوم کو امید دلائی اور یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان معیشت کے با ب میں کامیاب ہو گا ،قوم کو ڈرنے یا پریشان ہونے کی چنداں اور قطعی ضرورت نہیں۔ہمارے ذرائع کے مطابق جنرل عاصم منیر نے ملک کے سرکردہ تاجروں اور صنعت کاروں سے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا،کاروباری افراد پر عزم اور پر اعتماد رہیں، قوم پر مشکلات آتی رہتی ہیں، ہمیں مشکل حالات کا سامنا ضرور ہے لیکن بدتر حالات کو ہم پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کاروباری افراد نے خود آرمی چیف سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈارکو جنرل عاصم منیر نے سیشن میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا۔آرمی چیف اور وزیر خزانہ نے کاروباری افراد کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط کو پورا کر دیا گیا ہے، دوست ممالک نے بھی وعدے کیے ہیں کہ وہ زراعت، کان کنی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کریں گے،حکومت کو توقع ہے ان ممالک سے پیشگی سرمایہ ملے گا، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر دوست ممالک کو اس سرمایہ کاری کیلئے آمادہ کیا ہے۔ آرمی چیف سے تاجروں کی اس ملاقات نے چھوٹے کاروباری طبقے میں بھی امید کی جوت جگا دی ہے کہ حالات اتنے برے نہیں جتنے مایوس لوگ یا تحریک انصاف والے باور کرا رہے ہیں۔اب تاجر،صنعت کار،سرمایہ کار ،دکاندار اور کسان سکون و اطمینان سے کاروباری سرگرمیوں میں شریک ہوں گے اور اس سے ملک میں خوشحالی کی ایک امید پیدا ہو گی۔دوسری جانب مرد حر آصف زرداری نے بھی مایوسیوں کو رد کیا اور وہاڑی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر پاکستان دیوالیہ ہو بھی جاتا ہے تو اس سے قوم کے لیے دنیا ختم نہیں ہوجائے گی، کیونکہ کئی ممالک نے اپنے قرضوں پر دیوالیہ ہونے کے بعد حیران کن ریکوری کی ہے۔آصف زرداری نے امریکا اور جاپان کی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ان ممالک نے اپنی معیشتوں کو ناکامیوں کے بعد دوبارہ درست کیا اور اب دوسروں کے لیے مثال بن کر کام کر رہے ہیں،پاکستان بھی ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسا ہی کرے گا،1991 میں بھارت کے پاس صرف ایک ارب ڈالر باقی تھے اور اسے بین الاقوامی امداد کے حصول کے لیے اپنے سونے کے ذخائر فروخت کرنا پڑے لیکن بھارت نے بھی اس تلخ تجربے کے بعد اپنی معیشت درست کی ہے۔جنرل عاصم منیر اور آصف زرداری کی باتیں عوام کو حوصلہ دیتی،خوشخبری سناتی ، نئی امنگوں کی نوید دلاتی اور نئی منزلوں کا راستہ دکھاتی ہیں۔ جبکہ فواد چودھری کی یاوہ گوئی اور مجنونانہ و مایوسانہ باتیں قابل گرفت اور لائق سر زنش ہیں۔فواد چودھری کو ایسی فضول و مجہول اور گمراہ کن باتیں کرتے ہوئے ہلکی سی حیا بھی نہیں آئی ۔کاش وہ ایسا پاپی اور پر شور پروپیگنڈا نہ کرتے اور عمران خان کی محبت میں جھوٹ اور جعل سازی سے باز رہتے۔☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button