ملک لوٹنے والوں نے اپوزیشن کے نام پر اکٹھ کیا ہوا ہے 'جمشیداقبال چیمہ
لاہور(ٹی این آئی )انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کوئی اپوزیشن نہیں بلکہ اس کے نام پر ملک لوٹنے والوںکا اکٹھ ہے ،
موجودہ حکومت تاریخ میں پہلی حکومت ہے جو خود اپنا احتساب کر رہی ہے اور عوام کے سامنے جوابدہ ہے ،عمران خان نے کرپشن کے آگے بند باندھا ہے اور اب کوئی پاکستان سے لوٹ مار کر کے اربوں روپے لانچوں میں بھر کر باہر لے جاسکے گا اور نہ ٹی ٹیز لگیں گی ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا ہو کر منفی پراپیگنڈا کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوٹیفکیشن دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی والے پہلے دن سے حکومت کے جانے کی تاریخیں دے رہے ہیں اور انہیں ہر روز سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوریہ سلسلہ2023ء تک ایسے ہی جاری رہیگا ۔ اتحادی جماعتیں ہماری ساتھ ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ ہم نے ملک کی کشتی کو پار لگانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں اورجن جماعتوں نے اپنے اوپر اپوزیشن کا ٹیگ لگا رکھا ہے انہیں صرف اپنی کرپشن کا پیسہ بچانے کی فکر لا حق ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، آج حکومت اپنا احتساب خود کر رہی ہے اور ہم عوا م کو جوابدہ ہیں ،کیا ماضی میں کسی وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم تبدیل کی ہے ، اپنے وزراء سے کارکردگی پوچھی ہے لیکن موجودہ وزیراعظم عمران خان نے ایسا کر کے دکھایا ہے ۔