
میونسپل ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ کا پسرور روڈ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، تجاوزات کی زد میں آنے والے دکانوں کے تھڑوں، تندوروں اور شیڈز کو گرا دیا گیا
Chief Editor Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ (ٹی این آئی)اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کی زیر نگرانی میونسپل ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ کا پسرور روڈ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، تجاوزات کی زد میں آنے والے دکانوں کے تھڑوں، تندوروں اور شیڈز کو گرا دیا گیا۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے سٹی صدر عظیم اکرم پلا، حمید ڈار سمیت شہریوں کا تجاوزات کے خاتمے کا خیر مقدم ، مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جارہا ہے۔ تاجران کیمونٹی کے ذریعے اور براہ راست تجاوز کنندگان کو از خود تجاوزات ہٹانے کے نوٹسسز جاری کئے گئے اس کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے پر کارروائیاں کی جارہی ہیں جس میں ایف آئی ارز، جرمانے ، گرفتاریاں اور موقع پر مسماری اور سامان کا ضبط کیا جانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار رضاکارانہ تجاوزات ختم کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت فراہم کریں اور اکثریت نے از خود تجاوزات ہٹا بھی لی ہیں تاہم جہاں ضرورت ہوگی کارروائی کرینگے۔
انہوں نے کہا دوبارہ تجاوزات نہ ہونے کیلئے چھوٹے بڑے انٹی انکروچمنٹ اسکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں اور مسلسل سرویلینس کی جائے گی۔ اس موقع پر سی ای او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز بھی موجود تھے۔