انٹرنیشنل
امریکی نائب صدارتی امیدواروں کا مباحثہ، کورونا پر الزام تراشی
واشنگٹن(ٹی این آئی)امریکا میں نائب صدر کے عہدے کے لیے امیدواروں، ڈیموکریٹک پارٹی کی کاملا ہیرس اور ریپبلکن پارٹی کے مائیک پینس کے درمیان مباحثے میں ٹرمپ حکومت کی کورونا وبا سے متعلق کارکردگی کا موضوع حاوی رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریاست یوٹا کے شہر سالٹ لیک سٹی میں ہونے والے اس مباحثے میں نائب صدر مائیک پینس نے ٹرمپ حکومت کی جانب سے وبا کی روک تھام کی حکمتِ عملی کا بھرپور دفاع کیا۔
مائیک پینس صدر ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دی گئی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں۔ تاہم ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس نے وائٹ ہائوس کی کورونا حکمت عملی کو حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ اموات اور 75 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔