
لاہور(ٹی این آئی)ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں عوام کی عدالت میں جانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے والوں کو سپریم کورٹ نے جرم کی سنگینی بتا دی، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کا عمل شروع کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ملک میں ترقی کا عمل پھر شروع کریں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 8 فروری 2024 کو ملک میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ملک میں 90 روز میں انتخابات سے متعلق کیس میں صدر مملکت کی جانب سے 8 فروری 2024 کو عام انتخابات سے متعلق دستاویز پر دستخط کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ تاریخ پر بلاتعطل انتخابات ہوں، عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے، 8 فروری کو انتخابات کرانے پر کسی فریق کو اعتراض نہیں ہے لہذا وفاقی حکومت 8 فروری 2024 کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔