اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور بڑی کاروائی
لاہور ( ٹی این آئی) اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے کروڑوں کی زمین واگزار کرالی۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال اشفاق رحمان کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر رانا فواد احمد نے پولیس اور محکمہ مال کے ساتھ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے قبضہ مافیا سے پاکپتن کے علاقے ڈھکو چشتی سے سرکاری اراضی واگزار کرائی۔
اس زمین پر سردار سلطان ، علی حسن ، عثمان اور قاسم علی وغیرہ پر مشتمل قبضہ گروپ سالہا سال سے قابض تھا۔ زمین واگزار کروا کر متعلقہ محکمہ کے حوالے کر دی گئی۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو قبضہ گروپوں و لینڈ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات کر دیں ہیں۔ پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔