پاکستان

مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے' جاوید قصوری

لاہور( ٹی این آئی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کراچی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولاناڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کارروائی ملکی امن و امان کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔
دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔پاکستانی قوم نے جرأتمندی کے ساتھ 17برس امریکہ کی نام نہاد جنگ کے اثرات کو برداشت کیا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف ہمارے حوصلے بلند اور ارادے مضبوط ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن کو تہہ و بالا کرنا صرف اور صرف دشمنوں کا ایجنڈا ہوسکتا ہے۔
ساری قوم جانتی ہے کہ اس حملے کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔ وہ پاکستان کو کبھی پر امن اور ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتا ۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان چین اقتصاری راہداری کی تکمیل کو روکنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عادل خان کے قتل میں میں ملوث مجرمان اور ان کی پشت پر بیٹھے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ داخلی انتشار اور افراتفری اور سیاسی عدم استحکام سے دشمن قوتیں فائدہ اٹھارہی ہیں۔ ان کا راستہ نہ روکا گیا تو قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
بھارت، امریکہ اور اسرائیل نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن قائم ہو ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دشمن متحد ہوچکے ہیں ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بھی اتحاد و یکجہتی کو مظاہرہ کریں۔ ملک و قوم اس وقت دہشت گردی کے عفریت سے نجات حاصل کرنے اور درپیش مسائل سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button