انٹرنیشنل
چینی طلبہ کے ویزوں کی منسوخی پر جوابی کارروائی کا حق ہے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ (ٹی این آئی)چین نے امریکا کی جانب سے چینی طلبا، محققین کے ویزے منسوخ کرنے کے عمل کو سیاسی، نسلی امتیازی سلوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی اقدام چینی طلبا،محققین کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،چین اپنے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ امریکا نے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ایک ہزار چینی طلبہ اور محققین کے ویزے منسوخ کیے ہیں ، امریکی میڈیا کے مطابق چینی طلبہ اور محققین کے ویزے 29 مئی کے صدارتی حکم نامے کے تحت منسوخ کیے گئے ہیں۔امریکی دفتر خارجہ کے شعبہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے قائم مقام سربراہ چیڈ وولف نے کہا تھا کہ مخصوص چینی طلبہ اور محققین کے چینی فوج سے اندرون خانہ رابطوں کی وجہ سے خطرہ ہے کہ وہ حساس تحقیقی مواد چوری کرسکتے ہیں۔