حکومت کی طرف سے جاری کردہ کرونا ایس او پیز نظر انداز، اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جاری۔
لاڑکانہ (ٹی این آئی) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنےکے باوجود اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جاری ہیں اور وائرس سے بچاؤ کے لیے ضابطہ کار (ایس او پیز) نظر انداز کی جارہی ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں کارکنوں نے نہ تو باہمی فاصلہ برقرار رکھا اور نہ ہی فیس ماسک پہننے کی زحمت کی۔
جلسے کی انتظامیہ کی جانب سے فیس ماسک تقسیم بھی کیے گئے مگر لوگوں نے اسے پہننے سےگریز کیا تاہم اسٹیج پر موجود قائدین ایس او پیز پر عمل کرتے نظر آئے۔
دوسری جانب لکی مروت میں جماعت اسلامی کے جلسے میں بھی سماجی فاصلوں اور فیس ماسک پہننے پر عمل نہیں کیاگیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 58 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 9874 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں کوورنا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد تعداد 9874 ہو گئی جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار 33 ہو گئی ہے۔