
ہم کشمیر ی بھائیوں کی بے مثال اور اَن تھک جدو جہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔محمد خان بھٹی
Editor Arshad mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی،سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے اسمبلی بلڈنگ پرپرچم لہرایااس موقع پرمحمد خان بھٹی نے کہا
ہم کشمیر ی بھائیوں کی بے مثال اور اَن تھک جدو جہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آج پنجاب اسمبلی میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔ 8:58 بجے سائرن بجا یاگیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ پرچم کشائی کے بعد سیکرٹری اسمبلی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے کہا کہ آج تجدید ِ عہد کا دن ہے کہ وطن عزیز کے حصول کے لیے پیش کردہ اپنے آباؤ اجداد کی قرباینوں کو کبھی نہیں بھلائیں گے اورملک کی حفاظت کے لیے اندرونی اوربیرونی خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی سا لمیت کے لیے ہمیں ذاتی مفادات اور آپس کے اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے اور ملکی تعمیر و ترقی میں ملت کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا چا ہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبال کے وژن کو لے کر آگے بڑھنا چاہیے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کو مناتے ہوئے جہاں ہمیں خوشی محسوس ہو رہی ہے اس موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں پر بھارت کے ظلم و جبر کو بھی نہیں بھلا سکتے، ہم ان کی بے مثال اور اَن تھک جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پرچم کشائی کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری کوآرڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک کے علاوہ اسمبلی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔
