
اسلام آباد(ٹی این آئی) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، چوہدری ارمغان سبحانی نے بدھ کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
اس موقع پر وزارت کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں وزارت کے مختلف شعبوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر مملکت ارمغان سبحانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ترقیاتی ویژن کے مطابق قومی ترقیاتی ایجنڈے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل، نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
چوہدری ارمغان سبحانی نے مزید کہا کہ “اُڑان پاکستان” ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور اس کے تحت طے کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔