وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں، وزیر اطلاعات
اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں، موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کے 22کروڑ عوام مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، عالمی برادری کی خاموشی ہمیں ترغیب دیتی ہے کہ کشمیریوں کے لئے جو بھی کرنا ہے وہ ہم نے ہی کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا وکیل اور سفیر بن کر عالمی سطح پرمسئلہ کشمیر کو احسن انداز سے اجاگر کیا ہے۔ وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب میں نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایک سال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے کہ بھارت نے ان مظلوم اور نہتے کشمیریوں کو مصیبت اور پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے، غیر قانونی لاک ڈا?ن دنیا کو کیوں نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ خاموشی ہمیں ترغیب دے رہی ہے کہ جو بھی کرنا ہے ہم نے خود ہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی بھی لمحے اور مرحلے میں کشمیری بھائیوں کو یہ محسوس نہیں ہونے دیں گے کہ اس مشکل اور کٹھن مرحلے میں مظلوم اور نہتے کشمیری اکیلے کھڑے ہیں۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ صحافتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے تا کہ صحافتی برادری پرامن ماحول میں پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری نے میرے والد اور مجھے بہت محبت اور شفقت دی اسی لئے میڈیا بھی میرے دل کے بہت قریب ہے، تمام تر مصروفیات اور سرگرمیوں کے صحافیوں کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتا ہوں۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیشنل پریس کلب کی نئی قیادت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک پل کا کردار کرے گی۔