
لاہور (ٹی این آئی)پنجاب حکومت کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر کے 44 پریس کلبز میں 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر اسپیشل گرانٹ تقسیم کر دی گئی۔ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال پریس کلب کے صدور کو چیک تقسیم کئے گئے۔ جھنگ،خانیوال و دیگر اضلاع ،تحصیل پریس کلب کے صدور کو بھی چیک دئیے گئے ہیں۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا پریس کلبز میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کا چیک تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم آئے تو چند ماہ کے لئے لیکن تقریباً ایک سال گزر گیا، ہماری پوری کوشش ہے کہ پروفیشنل صحافیوں کیلئے کچھ ضرور کرکے جائیں۔ یہ خصوصی گرانٹ ہے جو ہم نے پریس کلب کو دی ہے۔
لاہور پریس کلب کو پہلے بھی سپورٹ کیا آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ پہلی بار چھوٹے پریس کلب کو یہ گرانٹ دی گئی ہے۔ خواہش ہے پریس کلب کی گرانٹ سالانہ گرانٹ میں تبدیل ہو جائے۔ کلبوں میں بھی وی لاگ ،ٹاک شو وغیرہ کیلئے سٹوڈیو قائم ہونے چاہئیں۔ سرکاری گرانٹ کا صحیح استعمال سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ ہے۔ بہت سے صحافتی امور میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ آج نہیں تو کل ہمیں جدید دور کے اطوار اپنانے ہوں گے۔
تقریب کے دوران مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پریس کلب آزادی صحافت کا اہم ستون ہیں۔ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کلب کیلئے 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ منظور کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہمیشہ عوامی ضروریات کا خیال رکھا ہے۔ عوامی خدمت میں وہ ہر وقت مصروف عمل رہتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات پر وزارت اطلاعات اور حکومت پاکستان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب عامر میر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر قائم پریس کلبوں کو اسپیشل گرانٹ دی گئی۔ اسپیشل گرانٹ سے پریس کلبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا، ہمارا مقصد صحافت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔