ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے ماہ اکتوبر کارکردگی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو ارسال
لاہور (ٹی این آئی)ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ماہ اکتوبر کی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ارسال کر دی۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر سے 13941 کنال 14 مرلہ سرکاری اراضی قابضہ مافیا سے واگزار کرائی۔ واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 4ارب 66 کروڑ روپے سے ذیادہ ہے۔کیش کی مد میں اینٹی کرپشن پنجاب نے 4کروڑ 60 لاکھ 90 ہزار روپے کی ڈائریکٹ ریکوری کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرائے۔ جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب نے دوسرے محکموں کے 2ارب 16 کروڑ روپے سے زائد ریکور کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرائے۔
اینٹی کرپشن نے ماہ اکتوبر میں خصوصی مہم چلا کر پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر چلنے والے345 پیٹرول پمپس سیل کئے۔ سیل کئے گئے پیٹرول پمپس کو ڈی سی کا این او سی یا Kفارم نہ ہونے کی وجہ سے مکمل سیل کیاگیا۔ معمول کی چیکنگ میں 126 پٹرول پمپس کے ناپ تول میں کمی یا دوسری بے ضابطگیاں پائی گئیں جن کو 3 لاکھ 59 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ماہ اکتوبر کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں 50.81 فیصد پیٹرول پمپس مختلف نوعیت کی بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے۔
محکمہ اینٹی کرپشن کو ماہ اکتوبر میں رپورٹ کرپشن ایپ پر 647 شکایات موصول ہوئیں۔ان میں سے 377 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 270 پر کام جاری ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر میں مختلف سرکاری محکموں پر 26 ٹریپ ریڈ کرکے متعدد سرکاری افسران کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔ماہ اکتوبر مییں اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر سے موصول ہونے والی 2039 شکایات کا ازالہ کیا۔ جبکہ 508 مختلف نوعیت کی انکوائریوں کا فیصلہ کیا گیا۔ماہ اکتوبر میں اینٹی کرپشن پنجاب نے ملزمان کے خلاف 198 مقدمات درج کئے۔ بد عنوانی اور رشوت ستانی میں ملوث 227ملزمان کو گرفتار کرکے 115 کے چالان جمع کرائے۔