
لاہور ( ٹی این آئی)اینٹی کرپشن پنجاب کی سرکاری دفاتر میں ہونے والی کرپشن کے خلاف چائے پانی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ تعلیم کا ڈی ای او ، اکاؤنٹنٹ ، جونئیر کلرک، پٹواری ، اور کانسٹیبل محکمہ ایکسائیز سمیت پانچ رشوت خور سرکاری ملازمین گرفتار کیا گیا ۔ مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے کرپٹ افسران و ملازمین کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ آباد محمد اسلم کو چالیس ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ڈی ای او ضلع حافظ آباد اور ڈسٹرکٹ ایجوکیش آفس کے اکاؤنٹنٹ شہزاد احمد کو ٹریپ ریڈ کر کے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے خلاف سرکل آفیسر ذوالفقار چٹھہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ساتھ ملکر کاروائی کی ۔دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن حافظ آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جبکہ دوسری طرف راجن پور سے جونئیر کلرک عبدالمالک کو پانچ ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سے رشوت کی رقم برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔محکمہ ایکسائیز راولپنڈی کے کانسٹیبل محمد بشارت کو پندرہ ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم بشارت سے رشوت کی رقم برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ساہیوال سے محکمہ آبپاشی کے پٹواری منظور احمد کو تیرہ ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ پٹواری منظور احمد کو انسپکٹر ہیڈ کوارٹر ساہیوال کو چھاپہ مار کر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن تھانہ پاکپتن میں مقدمہ درج کر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ چائے پانی کے نام پر رشوت ستانی کی کہانی بند کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔پنجاب بھر میں رشوت خور اور کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔