پاکستان

سی سی پی او نے اپنے بیان سے موٹروے واقعہ کے ملزمان کوشک کا فائدہ دیکر بری کرنے کے امکانات پیدا کردئیے ' رانا ثنا اللہ

لاہور(ٹی این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سی سی پی او نے اپنے بیان سے موٹروے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری سے پہلے ہی انہیں شک کا فائدہ دے کر بری کرنے کے امکانات پیدا کردئیے ہیں،سی سی پی او اسی طرح کی آوارہ گفتگو کے عادی ہیں ، آئی جی پنجاب نے ان کے مس کنڈکٹ کی انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن آئی جی پنجاب کو ہی تبدیل کر دیا گیا ، سی سی پی او عمر شیخ کو لاہور میں بلدیاتی انتخابات جیتنے کیلئے لایا گیا ہے ،اے پی سی میں جو بھی فیصلہ ہوگا مسلم لیگ (ن) اس پر عمل کرنے کی پابند ہو گی، جن عدالتوں میں ججز کا وٹس ایپ پر تبادلہ کر دیا جائے ہمیں وہاںسے انصاف لینے کیلئے کہا جارہا ہے ۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے پوری قوم موٹروے واقعہ پر افسردہ ہے لیکن سی سی پی او کا اپنا ہی نقطہ نظر ہے ،اسد عمر سے لے کر شہزاد اکبر تک سی سی پی او کو سپورٹ کر رہے ہیں ،اس اندوہناک واقعہ پر پوری قوم سراپا احتجاج او ر افسردہ ہے جبکہ سی سی پی او نے اپنے بیان سے اس واقعہ کے ملزمان کو گرفتاری سے قبل ہی شک کا فائدہ دے کر بری کرنے کے امکانات پیدا کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کے مطابق اس نے 2بجکر ایک منٹ پر کال کی ، پولیس کے مطابق فون کال 2بجکر 29منٹ پر موصول ہوئی ، ڈولفن فورس 2بجکر 53منٹ پر وہاں پہنچنے کا کہہ رہی ہے جبکہ ایف آئی آر میں وقوعہ 4بجے کا بتایا جارہا ہے ،یہ اقدامات پراسیکیوشن میں سقم کا باعث بنیں گے۔ حکومت کی پالیسی کہاں ہے؟، حکومت کو امن و امان اور عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق خیال ہی نہیں ، چینی مافیا، آٹا مافیا اور ادویات مافیا ملک کو لوٹ رہا ہے جبکہ حکومت صرف نیب کے ذریعے اور خصوصی عدالتوں کے ذریعے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانے پر لگی ہوئی ہے۔ نیب کا ادارہ احتساب کے نام پر اپوزیشن کنٹرول ایجنسی بن گئی ہے ، چیئرمین نیب سمیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر تک یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے مقدمے میں ایک سال دو ماہ سے مجھے ثبوتوں کی نقول ہی فراہم نہیں کی گئی ، پورے فیصل آباد سے منشیات فروشوں اور منشیات کا استعمال کرنے والوں کو بلا کرمیرے خلاف بیان ریکارڈ کئے گئے ، ہم ان عدالتوں سے انصاف طلب کریں جہاںپر وٹس اپ پر تبادلہ کر دیا جاتا ہے ، جس جج کو میری ضمانت کے آرڈر لکھوانے سے پہلے تبدیل کر دیا گیا ، فروغ نسیم کہتے ہیں ہم ان عدالتوں میں انصاف تلاش کریں اور طلب کریں ، حکمرانوں کی جانب سے ججز کو انصاف کرنے سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کو یہ پتہ نہیں کہ ہینڈ فری سے آواز آتی ہے یا کچھ اور آتا اسے وسیم اکرم پلس قرار دے کر صوبہ پنجاب اس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ہونے والے فیصلے مشترکہ ہوں گے ،مسلم لیگ (ن)اپنے فیصلے کسی پر نہیں تھونپے گی ،مسلم لیگ (ن)اے پی سی کے فیصلے کی مکمل پابندی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم بننے سے پہلے کہتے تھے کہ جب کسی پبلک آفس ہولڈر کی فیملی باہر بزنس کرے تو وہ اس کا ذمہ دار ہوتا ہے ، اس کی آمدن منی لانڈرنگ اور کرپشن ہوتی ہے لیکن جب ان کے اپنے معاون خصوصی پر سوال آیا تو کہہ دیا آپ کا جواب تسلی بخش ہے اس کے لئے کسی جے آئی ٹی اور انکوائری کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بہترین لیبارٹری ہے جو پنجاب سمیت ملک بھر کی ضروریات پورا کر سکتی ہے لیکن اسے تباہ کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے ساتھ شہباز شریف کا نام آتا ہے ،موٹر ویز کو مکمل اس لئے نہیں کیا جا رہا کیونکہ اس پر سفر کرنے والے لوگ نواز شریف کو دعائیں دیتے اور شکریہ ادا کرتے ہیں ، سی سی پی او کی ذہنیت کو دیکھتے ہوئے یہ مقدمہ درج کرا دیا جائے کہ نواز شریف نے کیوں موٹر وے بنائی جس کی وجہ سے خاتون اس موٹر وے پر آئی اور اندوہناک واقعہ پیش آیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button