
صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب نے لاہور اور اوکاڑہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا
Editor Arshad mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب غلام اسرار خان نے صوبہ پنجاب میں 12ستمبر 2021ء کو منعقد ہونے والے لوکل گورنمنٹ الیکشن کنٹونمنٹ بورڈزلاہور اور اوکاڑہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، لاہور میں اجلاس کی صدارت کی اور متعلقہ افسران کے ساتھ ملاقات کی۔ اجلاس میں دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے سینئیر افسران، ریجنل الیکشن کمشنر لاہورعابد سرگانہ،سٹیشن کمانڈر لاہور سید مظفر چوہدری،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرلاہور باسط علی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراوکاڑہ محمدعرفان،متعلقہ ریٹرننگ افسران، ڈپٹی کمشنرلاہور عمر شیر،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن ریٹائیرڈ علی اعجاز، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسراوکاڑہ فیصل شہزاد نے شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے متعلقہ افسران اور انتظامیہ کواہم ہدایات جاری کیں۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے پیغام اور ان کی ہدایات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کا انعقاد منصفانہ اور غیر جانبدارنہ طریقے سے کیاجانا چاہئیے اور اسکے لئے الیکشن کمیشن کے تمام افسران، ریٹرننگ افسران اور انتظامیہ کو یہ احکامات جاری کئے جاتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دے۔ انتخابات کو پر امن بنایا جائے اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں افسران نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور دیگر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔لاہور مین واقع کنٹونمنٹ بورڈز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع لاہورمیں دو کنٹونمنٹ بورڈزموجود ہیں۔ لاہور کنٹونمنٹ 10وارڈز اور والٹن کنٹونمنٹ بھی 10وارڈزپر مشتمل ہے۔ لاہور کنٹونمنٹ سے 111جبکہ والٹن کنٹونمنٹ سے مجموعی طور پر 158امیدواران انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔لاہور کنٹونمنٹ میں 2,00,506رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں جبکہ والٹن کنٹونمنٹ میں 3,77,401رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔لاہور میں پولنگ ڈے کیلئے 355پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جن میں 44مردانہ، 44زنانہ اور 267مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔پولنگ عملے کے طور پر 355پریزائیڈنگ افسران،1082اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور1082پولنگ افسران خدمات سرانجام دیں گے۔CCPOلاہور نے سیکورٹی پلان کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 40انتہائی حساس، 237حساس اور 78نارمل پولنگ اسٹیشنز کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ڈے پر امن و امان قائم رکھنے کیلئے اور الیکشن میٹریل پولنگ اسٹیشنز تک اور انتخابی نتائج ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے3739 پولیس کے جوانوں کی نفری تعینات کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لاہورنے انتظامی امور کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن میٹریل ریٹرننگ آفیسر کو موصول ہوچکا ہے جبکہ الیکشن کیلئے پولنگ میٹیرئیل، انتخابی نتائج اور پولنگ عملے کے نقل و حرکت کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے ایک گاڑی مختص کی جائے گی اسطرح مجموعی طور پر 379گاڑیاں الیکشن ڈیوٹی کیلئے موجود ہوں گی۔
ضلع اوکاڑہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو آگاہ کیا گیا کہ اوکاڑہ میں ایک کنٹونمنٹ بورڈزموجود ہے جو 5وارڈز پر مشتمل ہے۔ جبکہ یہاں 38امیدواران انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اوکاڑہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 21,890ہے جبکہ یہاں 20پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، جن میں 20پریزائیڈنگ افسران،57اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور57پولنگ افسران خدمات سر انجام دیں گے۔ اوکاڑہ میں 18انتہائی حساس اور 2حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔ الیکشن کے دوران پولیس کے 300جوان فرائض سر انجام دیں ۔