
لاہور (ٹی این آئی)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا ہی۔ گزشتہ روز دو مختلف آپریشنز میں چھ سو کنال سے زائد سرکاری رقبہ با اثر قبضہ مافیا سے واگزار کرا لیا گیا۔رحیم یار خان کے علاقے موضع کوکاری سے محکمہ اوقاف کی 532 کنال 9 مرلہ زمین واگزار کرائی گئی۔ واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت تیرہ کروڑ اکتیس لاکھ روپے ہے۔اینٹی کرپشن نے محکمہ مال اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف دوسرا آپریشن چکنمبر 228 میں کیا۔ چکنمبر 228 سے صوبائی حکومت کی ستر کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت دو کروڑ باسٹھ لاکھ سے زائد ہے۔مجموعی طور پر پندرہ کروڑ تیراسی لاکھ سے زائد مالیت کی 602 کنال 9 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔
اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ تمام واگزار شدہ اراضی متعلقہ محکموں کے حوالے کردی گئی۔تاوان کی وصولی یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔