
پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار سب سے مقدم ہیں، اور اللہ تعالیٰ نے حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کو بے مثال کامیابیاں عطا کی ہیں،نائب وزیر عظم اسحاق ڈار کا داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس پر میڈیا سے گفتگو
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام زائرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا گو ہوتے ہیں
لاہور (ٹی این آئی)حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ عرس کی تقریبات کا آغاز چادر پوشی کی روح پرور تقریب سے ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر بلال یاسین، اور محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرس کی ابتدائی تقریب میں ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ معروف قرا حضرات نے قرات، نعت خواں حضرات نے نعتِ رسول مقبول ﷺ اور منقبت پیش کی، جس سے محفل کا روحانی ماحول دوبالا ہو گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام زائرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا گو ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار سب سے مقدم ہیں، اور اللہ تعالیٰ نے حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کو بے مثال کامیابیاں عطا کی ہیں۔اسحاق ڈار نے زور دیا کہ ملک اور اداروں کے خلاف جانا بغاوت کے مترادف ہے، اور دنیا آج پاکستان کی امن و امان کے قیام کے لیے کی گئی قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔
عرس کی تقریبات کے دوران قومی سطح پر محفل حسنِ قرات، محافلِ سماع اور روحانی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ملک بھر سے ہزاروں زائرین لاہور کا رُخ کر رہے ہیں۔ زائرین کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر، دودھ کی سبیلیں اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زائرین بخیر و عافیت اپنی عبادات و زیارت مکمل کر سکیں-