
لاہور (ٹی این آئی ) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایات پر پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ۔ سرگودھا ، بہاولپور اور ڈی جی خان کے علاقوں میں با اثر قبضہ مافیا کے خلاف تین کاروائیاں کی گئیں ۔ ان کاروائیوں میں مجموعی طور پر 54 کروڑ سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 36 کنال 3 مرلہ زمین لوکل گورنمنٹ کو واپس کرادی گئی۔ہاؤسنگ سوسائٹی سے ڈی جی خان لوکل گورنمنٹ کو منتقل کرائی گئی زمین کی مالیت 50 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے۔ جوہر آباد میں مظفر گڑھ روڑ پر واقع تین کنال گرین بیلٹ ایریا کی زمین قابضین سے واگزار کرالی گئی۔ گرین بیلٹ ایریا کی زمین پر قابضین نے لکڑی کا آرا بنا رکھا تھا۔واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 3 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔
اسی طرح اینٹی کرپشن بہاولپور نے موضع جمن شاہ کے علاقہ سے تین کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 60 لاکھ روپے ہے۔واگزار کرائی گئی زمین محکمہ انہار کی ملکیت تھی۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔