
ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے زیر صدارت ضلع امن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد
Chief Editor Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ.(ٹی این آئی)ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے زیر صدارت ضلع امن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد، عید میلادالنبی ﷺ جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی ، انتظامی اور ٹریفک کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین اور ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، چاروں تحصیلوں میں عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گی اور ٹریفک کی مینجمنٹ کیلئے اسپیشل ٹریفک پلان تشکیل دیئے جائیں گے اور ان پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں قیام امن کیلئے ضلعی امن کمیٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں اس کی وجہ تمام ممبران کا احساس ذمہ داری اور باہمی احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت باسعادت کو تمام مکاتب فکر اپنے اپنے عقیدت کے مطابق مناتے ہیں جن کا ان کو پورا حق ہے اس مبارک دن کو مناتے ہوئے باہمی احترام ملحوظ خاطر رکھنا ہوگااور برداشت ، اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہا کہ چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او تحصیل سطح پر امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگ کریں گے اور ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، کوآرڈینیٹر ضلع امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، مفتی کفایت اللہ شاکر، ماسٹر فیض، اعجاز حسین نقوی، حافظ احمد مصدق قاسمی ،مولانا ایوب ثاقب خان، اقبال حسن زیدی، ظفر عباس، احسان اللہ دیال، پیر غلام حسین سلطانی ، سید نسیم ثقلین، سید علی نجم گیلانی،حافظ محمد آصف شیخ، صاحبزادہ محمد اعظم صابر، حافظ عبدالغفار، سید نسیم عباس نقوی، پیرمحل ظہور واصف، حافظ نیاز احمد الازہری ، صاحبزادہ طیںب عقیل، ملک ذاکراعوان، اشفاق نذر گھمن، ڈی ایس پی ٹریفک بابر حسین، سول ڈیفنس آفیسر عبداللہ شاکر، ایم او ریگولیشن سید اسد حسین، ایکسین ضلع کونسل محمد ریاض نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔