دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کے لئے بری خبر
لاہور (ٹی این آئی)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے لئے دائر کیس میںڈی سی لاہور اور پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کو آج 6نومبر کو طلب کرلیاہے ،فاضل جج حکم دیاہے کہ لاہورکے گردونواح میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات دوبارہ نہ ہوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر نظر نہ آئیں،عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ فاضل جج نے سموگ کے تدارک کے لئے عدالتی احکامات پر کئے جانے والے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ڈی سی لاہور اور پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کوآج طلب کرلیا ، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جوڈیشل واٹر کمیشن کی جانب سے عدالت میںرپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے دھویں سے شہر میں سموگ بڑھ رہی ہے،عدالت عالیہ کے حکم کی روشنی میں 2 نومبر کو سموگ سے متعلق میٹنگ کی گئی، ٹریفک پولیس نے شہر میں مختلف مقامات پر تجاوزات کی نشاندہی کی ہے جن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور سموگ پیدا ہوتی ہے،رپورٹ میں کہاگیاہے کہ گاڑیوں کا دھواں شہر میں سموگ کی سب سے بڑی وجہ ہے ،ٹریفک پولیس نے شہر میں 216 مقامات پر تجاوزات کی نشاندہی کی ہے، سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق شہر میں 1 ہزار 475 مقامات پر تجاوزات قائم ہیں، عدالتی کمشن کی طرف سے استدعا کی گئی کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکم دیا جائے،عدالتی کمشن کی طرف سے تجویز پیش کی گئی کہ پی ڈی ایم اے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کے ذمہ داروں کے خلاف زیادہ سے زیادہ مقدمات درج کروائے اور پھرملزموں کو سزائیں دلوانے کے لئے موثرکرداراداکرے،عدالتی کمشن نے استدعا کی کہ پی ڈی ایم اے کوروزانہ کی بنیاد پر عدالتی کمشن کو رپورٹ بھجوانے کاحکم بھی دیاجائے
