
لاہور(ٹی این آئی)مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
حمزہ شہباز نے بلوچستان کے ویران علاقے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس کے مسافروں پر حملے اور انہیں یرغمال بنانے کے عمل کو بہیمانہ حرکت قرار دیتے ہوئے ،دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے پر پاکس فوج کے جوانوں کو خڑاج تحسین پیش کیا۔ حمزہ شہباز نے یہ باتیں لاہور میں مسلم لیگی کارکن ملک خالد کی وفات پر ان کے گھر جا کر گھر والوں سے تعزیت کے بعد وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، دہشتگرد پاکستان میں بحرانوں کے خاتمے اور معیشت کی بحالی سے بوکھلا کر زیادہ اوچھے حملوں پر اتر آئے ہیں۔ پاک فوج دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے آخری دہشتگرد تک ان کا پیچھا کرے گی۔
حمزہ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ماہ ترسیلات زر 13.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے ۔