
مسلم لیگ (ن)عوام کی امید بن چکی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف
Editor Arshad Mahmood Ghumman
لاہور(ٹی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ امید کے موقع پر قوم کے نام ایک حوصلہ افزا پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر انسان ہمت اور حوصلے سے کام لے تو امید کی روشنی، یقین کا چمکتا سورج بن جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں نہ صرف آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے بلکہ ہر مشکل وقت میں جینے کا حوصلہ بھی بخشتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ جلد ہی ان پر بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آج عوام کی امید بن چکی ہے اور وہ خود اور ان کی ٹیم دن رات اس کوشش میں مصروف ہیں کہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو اب بہتر صحت کی سہولتیں ملیں گی، ہر بچہ جدید تعلیم، لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ سے مستفید ہوگا، بے گھر افراد کو اپنا گھر نصیب ہوگا اور کسان لہلہاتی فصلیں دیکھ کر خوشی محسوس کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ امید وہ روشنی ہے جو مایوسی کے اندھیرے میں بھی انسان کو راستہ دکھاتی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) سے ترقی، فلاحی منصوبے، لیپ ٹاپ، اسکالرشپ اور مفت ادویات جیسی سہولیات کی امید رکھی ہے، اور ہم اس امید کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں