گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات ہوئے، اگرکسی کو شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کاکہنا ہےکہ گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات ہوئے، اگرکسی کو شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز کاکہنا تھاکہ کابینہ نے ریپ کے واقعات کی روک تھام پر غور کیا اور ریپ کےجرم پر سزاؤں کی منظوری دے دی۔
شبلی فراز کاکہنا تھاکہ وزیراعظم نے سندھ میں ریپ کے حالیہ واقعے پرسخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیاہے،کابینہ نے نئے ریپ قانون کی منظوری دی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قانون میں کوئی سقم نہ رہ جائے،اس قانون کی منظوری کے بعد ریپ کے ملزمان کو کڑی سزا ملے گی، قانون میں ریپ کے مجرم کے لیے سزائے موت تک تجویز کی گئی۔
گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ اپوزیشن کے رہنماشکست تسلیم نہیں کرسکتے،گلگت بلتستان میں شفاف اورآزادانہ انتخابات ہوئے ہیں،پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں شرپسندی کر رہی ہے،وہاں گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اس کی مذمت کر تے ہیں،جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمے درج ہوں گے ۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں ٹینشن کا ماحول پیداکریں گی تو عوام کی کوئی خدمت نہیں ہوگی،جب یہ ہار جائیں تو دھاندلی ہوئی اور جیت جائیں تو الیکشن ٹھیک ہیں،اگر کسی کو شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن گلگلت بلتستان کے پاس
اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہرکاکہنا تھاکہ کابینہ نے چینی کی قیمت بڑھنے پر قانون سازی کی ہے، اب 50 ہزار کے بجائے 50 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ رکھا گیاہے۔
حماد اظہرکا کہنا تھا کہ سوا لاکھ ٹن چینی درآمد کی گئی ہے،چینی کی قیمت میں 10سے 12 روپے فی کلو کمی آئی ہے، پنجاب میں 10 نومبر سے گنے کی کرشنگ شروع ہو گئی ہے اور گنے کی فروخت شروع ہو گئی ہے، پوری کوشش ہے کہ کسان کو گنے کی پوری قیمت ملے،تاریخ میں پہلی بار گنے کی کرشنگ وقت پر شروع ہوئی ہے،آنے والے دنوں میں چینی کی قیمت مزید کم ہوگی۔