
ڈی جی کی ہدایات پر اینٹی کرپشن نےایک نائب تحصیلدار ، دو انسپکٹرز، اور دو پٹواریوں سمیت متعدد کرپٹ سرکاری افسران رنگے ہاتھوں گرفتار
Editor Arshad mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے گزشتہ روز سرکاری دفاتر میں کرپشن کے خاتمے اور عوامی آگاہی مہم “چائے پانی “ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ اس حوالے سے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو پنجاب بھر میں رشوت خور افسران کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایات جاری کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ قابل افسوس امر یہ ہے کہ سرکاری دفاتر میں رائج چائے پانی کے نام پر رشوت ستانی اور کرپشن کی کہانی کو برا نہیں سمجھا جاتا بلکہ روٹین کی بات سمجھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رویے کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک کرپشن کو کرپشن نہیں سمجھا جائے گا تب گُڈ گورننس کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ انہوں نے پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات جاری کردیں جس کے نتیجہ میں لاہور ، راولپنڈی ، سرگودھا ، لیہ اور ڈی جی خان میں کامیاب کاروائیاں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سرکل آفیسر سرگودھا نے انسپکٹر پنجاب انڈسٹریز اینڈ کامرس عبدالرزاق کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزم نے مدعی سے 12 ہزار رشوت وصول کی۔ جامہ تلاشی کے دوران ملزم انسپکٹر عبدالرزاق سے 57,300 روپے بھی برآمد ہوئے ۔ جبکہ سرکل آفیسر میانوالی نے محکمہ مال کا نائب تحصیلدار محمد الیاس رشوت لیتے گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد الیاس سے نشان زدہ 30 ہزار برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔اسی طرح سرکل آفیسر راولپنڈی نے تھانہ ائیرپورٹ راولپنڈی سے سب انسپکٹر محمد شجاع کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد شجاع کو دس ہزار روپے رشوت سمیت گرفتار کیا گیا۔
جبکہ لاہور ریجن بی نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی اشٹام فروش محمد رمضان کو گرفتار کر لیا۔ محمد رمضان ولد چراغ دین جعلی اشٹام پر جعلی معاہدے بناتا تھا۔لاہور ریجن بی کے سرکل آفیسر محمد رضوان نے ننکانہ سے محکمہ مال کا پٹواری گرفتار کر لیا۔ پٹواری شاہد محمود کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی تھی۔ اسی طرح اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے پٹواری محمد نواز انجم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 2/21میں قبل از گرفتاری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔سرکل آفیسر لیہ نے محمد طفیل وثیقہ نویس کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 5/21 میں گرفتار کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ اور رشوت خور سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے ۔