
لاہور (ٹی این آئی)سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وعدے وفا صرف نواز شریف نے کیے ، باقی سب نے دھوکے دیے ۔ لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ حکومت بنا کر عوام اور مالیاتی اداروں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کا الیکشن پاکستان کی ترقی کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا ۔ عوام کو منہگائی سے نجات دلانے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے ، اقتصادی پالیسی میں توازن لائیں گے۔
دوسری جانب 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کو ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کو ہفتہ گزر گيا ،کس کو ٹکٹ دیں ، کسے نہ دیں ، ن لیگ فیصلے پر نہیں پہنچ پائی جبکہ استحکام پاکستانی پارٹی(آئی پی پی) اور ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر معاملات ابھی تک طے نہیں پا سکے۔ذرائع کے مطابق آئی پی پی، ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مزاحمت کی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو ٹکٹ دینے کے فیصلے پر بھی ن لیگ کے مقامی رہنما ناراض ہیں