اہم خبریںجرم وسزا

ن لیگی ایم این اے رانا مبشر، سابق ایم پی اے وحید گل وغیرہ کے خلاف اینٹی کرپشن کا کریک ڈاؤن

لاہور(ٹی این آئی) ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن بااثر قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم ہوگئے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے لاہور کے بڑے قبضہ مافیا کے خلاف چار نئے ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوا دئیے۔ڈی سی نے قبضہ اور سرکاری فیسوں کی مد میں خزانہ سرکار کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر اس گھناؤنے کھیل میں ملوث سرکاری افسران اور مفاد کنندگان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواست کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر وحید گل، رانا مبشر اور سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں پر چار مختلف مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے شروع کر دئیے۔ مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر، وحید گل اور رانا مبشر اپنے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے سرکاری املاک پر قبضہ اور جعل سازی سے خزانہ سرکار کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہیں۔ سیف الملوک کھوکھر نے اپنے فرنٹ مین یو سی چئیرمین مبین داؤد، مبشر ،افضل خان کی مدد سے 80کنال اراضی پر قبضہ کیا۔مذکورہ اراضی پارسی خاندان کی تھی جس کے وارث کراچی کے عیدالڈینشا جی کی 1914میں وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے لاوارث ہوگئی۔ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلی وارث بناکر 2015 میں اپنے اپنے نام ٹرانسفر کرا لی۔ملک سیف الملوک کھوکھر کے قبضہ میں یہ 80 کنال انتہائی قیمتی اراضی نزول لینڈ قرار دیکر بحق سرکار ضبط کر لی گئی ہے۔
ملزمان سے تاوان کی وصولی یقینی بنائی جائے گی۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ سابق ایم پی اے وحید گل کا فرنٹ مین نواب پورہ کا رہائشی پراپرٹی ڈیلر محمد طارق اور کاروباری شراکت دار محمد نصراللہ ہیں۔ طارق نے ہربنس پورہ کے علاقے نواب پورہ میں اربوں روپے کی سرکاری زمین پر مدینہ پیلس، نواب پیلس مارکیز سمیت غیر قانونی دفتر بنا رکھا ہے۔ملزم طارق تاوان اور سرکاری فیس کی مد میں 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد کا نادہندہ بھی ہے۔ وحید گل کے فرنٹ مین اور کاروباری شراکت دار محمد نصراللہ نے ہربنس پورہ کے علاقے میں 7 کنال سے زائد اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین پر غیر قانونی سپئیر پارٹس فیکٹری بنا رکھی ہے۔ملزم نصراللہ پینتیس لاکھ روپے سرکاری تاوان کا نادہیند بھی ہے۔موجودہ ایم این اے رانا مبشر احمد کا فرنٹ مین محمد بوٹا لاہور کینٹ کے علاقے موضع دھلا گُلا میں اربوں روپے مالیت کی 64 کنال سے زائد سرکاری زمین پر قابض ہے۔ملزم محمد بوُٹا 21 لاکھ 61 ہزار سے زائد سرکاری تاوان کا نادہیندہ بھی ہے۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button