پوری قوت کے ساتھ اپنے قائد کیساتھ کھڑے ہیں، رانا ثناءاللہ
فیصل آباد (ٹی این آئی)صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سپاہی اپنے قائد کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔یوتھ ونگ کے عہدیداران وکارکنان قائد میاں محمد نواز شریف اور صدر میاں محمد شہباز شریف کے دست بازو ہیں جنہوں ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کے لئے تعداد قربانیاں ہیں جنہیں کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مسلم لیگ (ن) آج بھی عوام کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ ضلع فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے اور ہمیشہ اس ضلع نے مسلم لیگ (ن) پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کی ضلعی تنظیم کے عہدیداروں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب چوہدری کاشف نواز رندھاوا‘ ضلعی صدر عثمان اشر ف گجر‘ سینئر نائب صدور منظر بشیر ورک‘ رانا نعیم بھٹی‘ عثمان سعید‘ نائب صدور بشارت الہی‘ مہر ریاض بھروانہ‘ آصف جٹ جوائنٹ سیکرٹری مرزا نعیم‘ انفارمیشن سیکرٹری کاشف صدیقی کے علاوہ دیگر عہدیداران و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے صوبائی صدر چوہدری کاشف نواز رندھاوا کی پارٹی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یوتھ ونگ صوبہ بھر میں منظم ہو چکی ہے۔
انہوں نے یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ قائد میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کر دیں تاکہ جلد ہے نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ ملکی معیشت تنزلی کا شکار ہے۔ معاشرے میں پائی جانے والی تشویش اور اضطراب سے اندھیرے پھیلتے چلے جارہے ہیں۔ پاکستان موجودہ دور میں مسائلستان بن چکا ہے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔
دوسروں کو گھبرانے کا درس دینے والے اپوزیشن کی پی ٹی ایم سے گھبرارہے ہیں۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت کے لئے ہر جمہوری راستہ استعمال کیا جائے گا۔ احتجاجی جلوسوں اور ریلیوں سے حکمرانوں کو اکھاڑ پھینکیں گے۔موجودہ حکومت کا خاتمہ کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔ صوبائی صدر یوتھ ونگ چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ظلم اور بربریت کے خلاف علم بلند کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر گز ظالم حکمرانوں کو قوم کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دے دیں اور ہر صورت ان کا مقابلہ کریں گے۔ریاست مدینہ کے دعویداروں نے پاکستان کا ستیاناس کر دیا ہے مگر قوم حوصلہ رکھے نواز شریف کی قیاد ت میں جلد پاکستان کو نااہل اور ظالم حکمرانوں سے نجات دلائیں گے تاکہ ملک و قوم حقیقی معنوں میں ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ آٹا چینی کی قیمتوں میں خطرناک حد تک اضافہ حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ عمران حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام مہنگائی کے جن کے ہاتھوں خوار ہو رہے ہیں۔غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔ غریب دیہاڑی دار طبقہ بھاری بجلی کے بل‘ سکولوں کی فیسوں سے پریشان ہو رہ گیا ہے ۔
