لاہور (ٹی این آئی)ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کی ہدایت پراینٹی کرپشن، پولیس اور محکمہ مال کا کوٹ ادو اور دیپالپور میں قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں قبضہ مافیا سے مجموعی طور پر نو کروڑ سے زائد مالیت کی زرعی اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایات پر اینٹی کرپشن نے کوٹ ادو کے علاقے راکھ ڈانڈے والا سے محکمہ جنگلات کا 39 کنال رقبہ واگزار کرا لیا۔ واگزار کرائے گئے رقبہ کی مالیت سات کروڑ دو لاکھ روپے ہے۔
جبکہ دیپالپور کے علاقے کلسن حمید سے دس ایکڑ سرکاری رقبہ واگزار کرا لیا۔ واگزار کرائی گئی زرعی اراضی کی مالیت ایک کروڑ ستر لاکھ ہے۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ افضل خان کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس کی بھاری نفری نے قبضہ مافیا کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کو قابضین سے تاوان کی وصولی کے لئے ہدایات کر دی ہیں۔ واگزار شدہ رقبہ محکمہ مال کے سپرد کر دیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب بھر میں قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کر رہا ہے۔