کامیڈی کے میدان میں پاکستان کا پلڑا بھارت کے مقابلے میں ہمیشہ بھاری رہا ہے 'نسیم وکی
لاہور(ٹی این آئی) نامور کامیڈین اداکار نسیم وکی نے کہا ہے کہ کامیڈی کے میدان میں پاکستان کا پلڑا بھارت کے مقابلے میں ہمیشہ بھاری رہا ہے ۔ انہوں نے ایک انٹر ویو میں کہا کہ فلم کی دنیا ہو یا تھیٹر کا میدان دونوں جگہوں پر پاکستانی کامیڈینز نے اپنی بے ساختہ اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور پاکستانی اداکاروںنے بھارت جاکر بھی ان کے ٹی وی چینلز پراپنی کامیڈی کی دھاک بٹھائی ہے جس میں کراچی اور لاہور کے فنکار قابل ذکر ہیں۔
نسیم وکی نے کہا کہ جب سے برصغیر میں فلموں کا سلسلہ شروع ہوا تو مسلمان کامیڈینز نے اپنی اداکاری سے منفرد پہچان بنائی اور قیام پاکستان کے بعد لیجنڈ اداکار فلم انڈسٹری کا حصہ بنے جن میں ظریف ، رنگیلا ، علی اعجاز ، ننھا ، لہری ،منور ظریف جیسے فنکاروں نے اپنے برجستہ جملوں سے ایک زمانے کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا اور آج بھی ان کامیڈین کے نام بڑے احترام سے لئے جاتے ہیں ۔بہت سارے اسٹیج سے تعلق رکھنے والے اداکار انہی فنکاروں کے فن سے متاثر ہوکر شوبز انڈسٹری میں داخل ہوئے ۔