
لاہور(ٹی این آئی)اینٹی کرپشن نے سرکاری محکموں میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف کمر کس لی۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر پاکپتن کے رضا کار کو دس ہزار رشوت لینے پر گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم کو ٹریپ ریڈ کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا۔سول ڈیفنس آفیسر اشتیاق احمد کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ٹریپ ریڈ کے وقت نشان زدہ نوٹ سول ڈیفنس رضا کار سے برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح اینٹی کرپشن راولپنڈی نے سب انسپکٹر تھانہ ٹیکسلا کو بیس ہزار رشوت لینے پر گرفتار کر لیا۔سب انسپکٹر محمد اعظم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا گیا۔ جبکہ اینٹی کرپشن وہاڑی نے جعلی سکول ٹیچر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اکرم علی بوگس تعلیمی دستاویزات جمع کروا کے ایلمنٹری سکول وہاڑی میں ٹیچر بھرتی ہوا تھا۔جبکہ چنیوٹ سے نواز پٹواری کو مقدمہ 7/20میں گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن نے جونئیر کلرک وقار الحسن کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔ ملزم وقار الحسن پر جعلی بل بنا کر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان کا الزام ہے۔
اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری افسروں اور اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔