انٹرنیشنل

سعودی عرب میں کروناکے یومیہ کیسوں کی تعداد مزید کم،379مریضوں کی تشخیص

ریاض (ٹی این آئی)سعودی عرب میں کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی شرح میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور گزشتہ روز وزارت صحت نے کووِڈ19 کے 379 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں حالیہ دنوں میں کووڈ19کا شکار ہونے والے 570 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 23مریض وفات پا گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں اب کووِڈ19 کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 336766 ہوگئی ہے۔ان میں 322055 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 4898 وفات پاچکے ہیں۔اس وقت مملکت میں کووِڈ19کے فعال کیسوں کی تعداد 9813 ہے۔ان میں938 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق مدینہ منورہ میں کووِڈ19کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 82 ہے۔ الہفوف میں 29، مکہ مکرمہ اورینبع میں 25،25 اور دارالحکومت الریاض میں 24 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ساحلی شہر جدہ میں مسلسل دوسرے روز صرف 11 مریضوں کے اس مہلک وائرس کا شکار ہونے کا پتا چلا ہے۔گذشتہ ہفتے تک جدہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آرہے تھے۔
سعودی حکومت نے کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی کے پیش نظر سخت پابندیوں کے ساتھ عمرے کی اجازت دے دی ہے اور معتمرین کے پہلے گروپ نے ہفتے کے روز عمرہ ادا کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button