
ڈی سی سیالکوٹ کا ایل این جی گیس کی غیر قانونی ڈی_کنٹنگ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
Chief Editor Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ (ٹی این آئی)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیل میں ایل این جی گیس کی غیر قانونی ڈی_کنٹنگ کے خلاف کارروائی کریں اس سلسلہ میں سول ڈیفنس کا عملہ ان کی معاونت کرے گا۔ یہ بات انہوں نے آج ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور لوکل گورنمنٹ کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار کے علاؤہ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیز کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے لوکل گورنمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام تحت سروسز چارجز کی وصولی کے عمل کو تیز کیا جائے اور مین شاہرات کے ساتھ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر نہ بننے دیئے جائیں۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل کمیٹیز کے گردو نواح میں کوڑا کرکٹ کے ٹرانسفر اسٹیشنز، انکولوئیرز اور لینڈ فل سائیٹ کیلئے فوری اسٹیٹ لینڈ مہیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ستھرا پنجاب پروگرام اپنے نوعیت کا منفرد پراجیکٹ ہے۔ جس میں وہ چاہتی ہیں کہ شہر اور دیہات میں ایک جیسا صفائی کا نظام ہو اور سالڈ ویسٹ کے ذریعے انرجی پیدا کی جائے اور قابل استعمال اشیاء کی ری سائیکلنگ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ گندم کی فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے زمیندار ہر گز آگ نہ لگائیں بصورت دیگر ان کو جرمانہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/ کمیٹیز کے سی ای او ز کو ہدایت کی کہ آوارہ کتوں کے خاتمہ کی مہم کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈش پر عملدرآمد کروانے کیلئے مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرزںاور سی ای اوز ایم سی ایس ، ایم سیز اور زیڈ سی کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل سروسز کے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے اور علی الصبح ڈیلی میٹنگ کے بعد ان کو فیلڈ میں روانہ کریں اور ان سے فیڈ بیک لیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اداروں کی جانب سے انفورسمنٹ اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہیں اور اس ضمن میں اداروں کی کارکردگی کو مانیٹرنگ کیا جارہا ہے۔