
مالی سال 2023-24کے دوران73775ملین روپے لاگت سے 107جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،کنوینیر ارمغان سبحانی
Ghumman CEO.Arshad mahmood
سیالکوٹ (ٹی این آئی )میں مالی سال 2023-24کے دوران73775ملین روپے لاگت سے 107جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، 46نئے منصوبوں پر 5201ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے، تفصیلات کے مطابق ایم این اے/کنوینیر چوہدری ارمغان سبحانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئیں، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، علی زاہد، محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری طارق سبحانی، رانا عارف اقبال، چوہدری نوید اشرف، فیصل اکرام، اے ڈی سی فنانس مظفر مختار،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف محمود، وفاقی اور صوبائی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہائی ویز کی 35، رن روڈ اتھارٹی کی ایک، پبلک ہیلتھ کی 19، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی تین، سپورٹس کی 6، اریگیشن کی 3، ہائر ایجوکیشن کی 4، گورننس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک، ہیلتھ سیکٹر کی چھ، ریسکیو1122، سکول ایجوکیشن، سپشل ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ کی ایک ایک، پبلک بلڈنگز کی 9سکیموں پر کام جاری ہے، ابتک 9242ملین روپے فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور فنانشل پراگریس 79فیصد ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بڈیانہ چونڈہ روڈ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، وزیر آباد کشمیر روڈ کی ایک سائیڈ پر کام مکمل کر لیا گیا ہے، سیالکوٹ مرالہ روڈ پر اسفالٹ مکمل کر لی گئی ہے،سٹی پیکج روڈ ز پر کام مکمل ہو گیا ہے، ڈسکہ وزیر آباد روڈ، موترہ بڈیانہ روڈ پر کام جاری ہے، پسرور روڈ کیلئے بقیہ فنڈز کے لئے حکومت سے درخواست کی جائے گی۔ ایم این اے /کنوئینر چوہدری ارمغان سبحانی اور دیگر ارکان اسمبلی نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سید پور کالج، سرانوالی کالج، ڈسٹرکٹ جیل میں رہائشی کوارٹرز کی سکیم کی تکمیل میں تاخیر کی نشاندہی کی اور کہا کہ پراجیکٹس میں تاخیر سے عوامی وسائل کا ضیائع ہر صورت روکا جائے، اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ویمن یونیورسٹی کے سیوریج کے پانی کا نکاس سکیم میں شامل کیا جائے پراجیکٹ میں اس اہم پوائنٹ کو نظر انداز کیونکر کیا گیا ہے،ایکسین بلڈنگز دی گئی ٹائم لائن کے مطابق پراجیکٹس پر کام مکمل کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ کرکے بلڈنگ ہسپتال کے حوالے کر دی گئی ہے، سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ کا کام کم سے کم وقت میں مکمل کریں۔ کنویئنر نے سوئی گیس، پی ٹی سی ایل کو ہدایت کی کہ جہاں کھدائی کریں وہاں بحالی بھی انکی ذمہ داری ہے کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں۔