اپوزیشن جماعتوں کو اپنی اے پی سی کی کامیابی سے زیادہ ناکامی کے خدشات لا حق ہیں' ہمایوں اختر
لاہور( ٹی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوںنے اپنے سیاسی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دی اور قومی اداروں میں اصلاحات جیسے مشکل ہدف کی جانب پیشرفت کر رہے ہیں ، اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کی کامیابی سے زیادہ ناکامی کے خدشات لا حق ہیںاوراس کا اظہار بھی کیا جارہا ہے ،موٹر وے پر پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے ،درندگی میں ملوث ملزمان کسی صورت بھی سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131کے رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن حیرت زدہ ہے کہ پہلی بار وفاق میں حکومت بنانے والی تحریک انصاف ملک کو مسائل کے دلدل سے نکالنے میں کیسے کامیاب ہو گئی اور اس کی وجہ سے ان کی بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نیک نیتی سے ملک کو آگے لے جانے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور خدا کی ذات ان کی مدد کر رہی ہے ، پاکستان کے بد خواہ پہلے کی طرح منہ کی کھائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی سے حکومت کو کسی طرح کی گھبراہٹ نہیں بلکہ جیسے جیسے مجوزہ اے پی سی کے دن قریب آرہے ہیں اپوزیشن کی اپنی نبض ڈوب رہی ہے اور اسے اے پی سی کی کامیابی سے زیادہ ناکامی کے خدشات لا حق ہو گئے ہیں ۔اپوزیشن میں شامل تمام جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں اور سب اپنے ”پتے ” سامنے لانے کی بجائے سینے سے لگائے ہوئے ہیں ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے پاکستان اور قوم کی تقدیر بدلنے کی ٹھان لی ہے اور اب دنیا کی کوئی طاقت اس میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی ،اپوزیشن جو مرضی کرلے ا ن کی سیاست ستیا ناس سے سوا ستیا ناس کے سفر کی جانب گامزن رہے گی۔