
سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کاکاغذات واپس نہ لینے والے ناراض رہنماؤں کے خلاف ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنےکا فیصلہ
Editor arshad mahmood ghumman
پشاور(ٹی این آئی) خیبرپختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےکاغذات واپس نہ لینے والے ناراض رہنماؤں کے خلاف ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنےکا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار طلحہ محمود نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ اتوار تک پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہیں ہوئے تو حکومت اور اپوزیشن مل کر الیکشن لڑیں گے۔
طلحہ محمودکے مطابق فیصلہ جس اجلاس میں ہوا اس میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ علی امین گنڈا پور بھی شریک تھے، اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ طلحہ محمود نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے معاہدے پر عملدرآمدکی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی، پی ٹی آئی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ناراض امیدواروں کے خلاف کاروائی کرےگی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جن امیدواروں کو بانی پی ٹی آئی نے نامزد نہیں کیا وہ کاغذات واپس لیں، سیاسی کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی ہوگی۔
ناراض رہنماؤں کا کاغذات نامزدگی کسی صورت واپس نہ لینےکا اعلان
خیال رہےکہ ناراض پی ٹی آئی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی کسی صورت واپس نہ لینےکا اعلان کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما خرم ذیشان کا کہنا ہے کہ بات سینیٹ الیکشن سے بہت آگے نکل چکی ہے، ان سیاسی پارٹیوں سے اندرونی ساز باز کیا ہمارے لیڈرکا نظریہ ہوسکتا ہے؟ میرا سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے سے انکار ہے، جھکنے سے انکار ہے، مصلحتوں سے انکار ہے، بھاڑ میں جائے سیاست اور نشستیں، ہم اصول پرکھڑے ہیں اور رہیں گے۔