کھیل

پی سی بی نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی، صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا

پشاور( ٹی این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی۔ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم بھی بروقت مکمل نہ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی ، فیصلے سے متعلق صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے پشاور کو بھی میزبانی دینے کا اعلان کیا گیا تھا.
اور پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید طرز پر بنانے کے لیے منصوبہ شروع کیا گیا تاہم منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو ناممکن قراردیا گیا تاہم وزیراعلیٰ محمود خان کی خواہش پر پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو توسیع دینے پر کام شروع کیا گیا لیکن پی سی بی کی ٹیم کے معائنے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے اس حوالے سے صوبائی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے لیے آئی سی سی کے شرائط مکمل نہ ہونے پر پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی نہیں دی جاسکتی، اس حوالے سے ڈی جی اسپورٹس اسفندیار خٹک سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن مصروفیات کے باعث جواب نہ مل سکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button