
راولپنڈی(ٹی این آئی) تحریک انصاف پاکستان ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو اڈیالہ جیل کے اندر جانے سے روک دیا۔اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں اسپیشل جج سینٹرل صبح ساڑھے 10 بجے سے وکلاء کا انتظار کرتے رہے تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل عدالت پیش نہیں ہوئے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل قوسین مفتی کو علیمہ خان نے جیل کے داخلی دروازے پر روکے رکھا، اس حوالے سے علیمہ خان نے کہا کہ جب تک وکیل قوسین مفتی کے ساتھ عمران خان کی فیملی، سلمان اکرم راجہ اور علی ظفر کو اندر جانے کی اجازت نہیں ملے گی وکیل بھی نہیں جائے گا۔
جج اور پراسیکیوشن ٹیم ساڑھے 3 گھنٹے انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگائی گئی تاہم وکیل کے پیش نہ ہونے کے باعث کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 29 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔