
بلوچستان میں دشمن کے بزدلانہ حملوں کے دوران بلوچ نوجوان کی لازوال قربانی
ایڈیٹر:ارشدمحمودگھمن
کوئٹہ(ٹی این آئی) بلوچستان میں دشمن کے بزدلانہ حملوں کو بلوچ سرزمین کے غیور بیٹوں کے حوصلوں نے ناکام بنا دیا۔ دشمن کے مذموم عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے والے بہادر نوجوان گارڈ محمد نعیم نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے حب الوطنی کی ایک روشن مثال قائم کی۔
محمد نعیم نے اپنی ڈیوٹی ہمیشہ قومی ذمہ داری اور وطن سے بے پناہ محبت کے جذبے کے تحت انجام دی اور دشمن کے ناپاک ارادوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
واقعے کے دوران گارڈ محمد نعیم نے عوام کی جانیں بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کی بیٹی نے اپنے والد کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے حملے کے وقت ان کے بہادر والد نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر عوام کے تحفظ کو ترجیح دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔ شہید کی اہلیہ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ظالموں نے یہ بھی نہ سوچا کہ محمد نعیم گھر کا واحد کفیل تھا، تاہم انہیں اپنے شوہر کی قربانی پر فخر ہے۔
قومی حلقوں کا کہنا ہے کہ محمد نعیم کی عظیم قربانی فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم پر کاری ضرب ثابت ہوئی ہے اور اس سے دشمن کو واضح پیغام ملا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اہلِ علاقہ اور مختلف طبقات نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بہادر نوجوان آخری سانس تک وطن عزیز کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہنے کیلئے پرعزم ہیں۔
