
لاہور (ٹی این ائی) پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں اور عادی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے 58 ہزار 964 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں اے کیٹگری کے 16 ہزار 294 جبکہ بی کیٹگری کے 42 ہزار 670 مجرمان شامل ہیں۔ اسی طرح صوبہ بھر سے 20 ہزار 921 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 3 ہزار 17 اور بی کیٹگری کے 17 ہزار 904 مفرور شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 11 ہزار 606 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 597 اور بی کیٹگری کے 7 ہزار 9 عادی مجرم شامل ہیں۔
مزید برآں، سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک مفرور 37 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا جو پنجاب پولیس کی اہم کامیابی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کریک ڈاؤن کے دوران 11 ہزار 315 اشتہاری مجرمان، 6 ہزار 758 عدالتی مفرور اور 2 ہزار 782 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
٭٭٭
