انٹرنیشنلاہم خبریں

برطانیہ کا آبنائے ہرمز کے تحفظ کیلئے ڈرونز، لڑاکا طیارے اور جنگی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک

برطانیہ نے  آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے کثیرالملکی دفاعی مشن میں خودکار مائن ہنٹنگ آلات، جنگی طیارے اور جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کردیا۔برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے یہ اعلان 40 سے زائد ممالک کے وزرا دفاع کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن مناسب حالات میں فعال کیا جائے گا۔جان ہیلی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ کثیرالملکی مشن دفاعی، خودمختار اور مؤثر ہوگا‘۔

برطانیہ نے اس مشن کے لیے 11 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کی نئی فنڈنگ بھی مختص کی ہے جو مائن ہنٹنگ ڈرونز اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔برطانیہ کی جانب سے جدید خودکار مائن ہنٹنگ سسٹمز بھیجے جائیں گے جو بحری بارودی سرنگوں کی شناخت اور انہیں ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی  رائل نیوی کا ’Beehive‘ سسٹم بھی اس مشن کے لیے بھیجا جائے گا جو تیز رفتار خودکار ’Kraken‘ ڈرون کشتیوں کے ذریعے خطرات کی نگرانی اور ان کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

برطانوی فوجی پیکچ میں ٹائفون جنگی طیارے بھی شامل ہوں گے جو آبنائے ہرمز پر فضائی گشت کے لیے تیار رہیں گے۔ اس کے علاوہ برطانوی فوج کے خصوصی مائن کلیئرنس ماہرین بھی اس مشن کا حصہ ہوں گے۔اس کے علاوہ رائل نیوی کا جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن پہلے ہی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو چکا ہے اور اس کے عملے کو اضافی تربیت بھی دی جاچکی ہے تاکہ جہاز کسی بھی ممکنہ آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق یہ جہاز  جدید ’سی وائپر‘ فضائی دفاعی نظام اور کاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button