سینیٹر رحمان ملک کا کورونا و علالت کے باوجود آصف علی زرداری کو عدالتوں میں بار بار بلانے پر گہرے تشویش کا اظہار
اسلام آباد (ٹی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کورونا و علالت کے باوجود آصف علی زرداری کو عدالتوں میں بار بار بلانے پر گہرے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے بیان میں رحمن ملک نے کہاکہ کورونا کے عروج کے دنوں اور شدید علالت میں آصف علی زرداری کو عدالتوں میں بلانا انتہائی خطرناک و قابل تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کی صورتحال میں آصف علی زرداری کو مسلسل عدالتوں میں لانے پر پارٹی کارکنان میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ زوم و دیگر آن لائن پیشیوں کی سہولت اگر دیگر لوگوں کو میسر ہے تو آصف علی زرداری کو کیوں نہیں، دنیا کی ہر عدالت خرابی صحت کو مدنظر رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں میموگیٹ جیسے جھوٹے مقدمے میں اعجاز منصور کو آن لائن ہیئرنگ کی سہولت دی گئی تھی۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ آصف علی زرداری اس ملک کے صدر اور افواج پاکستان کے سپریم لیڈر رہ چکے ہیں، آصف علی زرداری کو عدالتوں میں آن لائن ہئیرنگ کی سہولت مہیا کی جائے۔
انہوںنے کہاکہ بہادری اور عدالت کی ہر حکم کی پاسداری کرنے میں آصف علی زرداری کا کوئی ثانی نہیں، آصف علی زرداری نے ہمیشہ بہادری سے عدالتوں کا سامنا کیا ہے اور جیل کاٹے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ آصف علی زرداری کی علالت کا اندازہ انکو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے، مسلسل جیل میں رہنے سے آصف علی زرداری کی صحت بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ احتساب ضرور ہونا چاہئے مگر احتساب کے نام پر سیاسی انتقام نہیں ہونا چاہیے، آصف علی زرداری بارہ سال قید اْن مقدمات میں گزار چکے ہیں جن میں بعد میں وہ بری ہوئے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ بارہ سال کے بغیر جرم کے قید کا حساب آصف علی زرداری کو کون دیگا۔
انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے لوگ تو بڑے بڑے کیسز میں مفرور ہیں اور کئی اشتہاری ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ اشتہاری ہونے کے باوجود عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری کیساتھ ناروا اور امتیازی سلوک بند کیا جائے۔