
لاہور(ٹی این آئی)اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے کہا کہ رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کا نکاح ہونے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمشا اقبال نے کہا کہ ثاقب چدھڑ نےدھمکیاں دیں کہ نکاح نہیں کرنا ورنہ قتل کروا دوں گا، ثاقب چدھڑ نےدھمکی آمیز وائس نوٹ مجھے اور مومنہ اقبال کوبھیجیں۔
رمشااقبال نےکہا ہمارے لیےکامیابی ہےکہ این سی سی آئی اے نے ایف آئی آر درج کرلی، مریم نواز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے نیوٹرل کارروائی کے احکامات دیے۔رمشااقبال نے مزید کہا انہوں نے میڈیا میں آکر کوئی ایسی بات نہیں کی جو ثابت نہ کرسکیں، سوشل میڈیا پر مومنہ اور میرے خلاف پیڈکمپین چلائی گئی، اب ہم نے ایک نئی درخواست جمع کراونی ہے، میں ہرگزپیچھےنہیں ہٹوں گی۔
انہوں نےکہا ثاقب چدھڑ اب الزامات ثابت کریں، ثاقب چدھڑ کروڑوں روپے ثابت کرے، ہم ان کو پیسے واپس دینا چاہتے ہیں، ایڈووکیٹ میاں اشفاق مجھ پر اور مومنہ پر لگائےگئے الزمات ثابت کریں۔یاد رہےکہ اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں مدعی مقدمہ کے مطابق ثاقب چدھڑ اور ان کے ساتھیوں نے بلیک میلنگ کی اور دھمکیاں دیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے دھمکی دی کہ اگر شادی نہ کی گئی تو متعلقہ ڈیٹا لیک کردیا جائے گا، مومنہ اقبال کی بہن نے دھمکیوں سے متعلق ویڈیو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو فراہم کردی۔
