
اسلام آ باد(ٹی این آئی) وفاقی حکومت نے اخراجات کو قابو میں رکھنے کیلئے رواں مالی سال میں کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنےکافیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطا بق وفاقی کابینہ نےکفایت شعاری کے اقدامات رواں مالی سال جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے جس کےبعد کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کا فیصلہ عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو بھجوادیا ہے۔
گزشتہ 3 سال سےخالی تمام آسامیاں ختم کردی جائیں گی ، نئی آسامیوں کی تخلیق پرپابندی برقرار رہےگی اور رواں مالی سال ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی جاری رہے گی۔
مشینری اور آلات کی خریداری پر پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے، حکومتی اخراجات پرملک سے باہر علاج پر پابندی برقرار رہےگی جب کہ حکومتی خرچے پرغیر ضروری بیرونی دوروں پرپابندی جاری رہے گی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سےکفایت شعاری کےاقدامات جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
