
اسلام آباد(ٹی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ الحمد اللہ، تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہو گئے،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخظ خانہ کعبہ کی حدود میں کئے گئے.۔دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس مکہ کے الصفہ پیلس میں ہوا جس میں سعودی عرب کی جانب سے محمد بن سلمان، ترکیہ کی جانب سے طیب اردوان اور پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے کو مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ کا نام دیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں پر حملہ تصورکیا جائے گا، معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کیخلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے، سعودی عرب، ترکیے اورپاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کوفروغ دیا جائےگا۔
