(ن)لیگ باہر چلی گئی، (ش)لیگ اندر ہو گئی، صرف (م)لیگ رہ گئی ہے' فیاض چوہان
لاہور(ٹی این آئی) وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے جس پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی،(ن)لیگ باہر چلی گئی، (ش)لیگ اندر ہو گئی، صرف (م)لیگ رہ گئی ہے جو اب کھل کر اپنا کھیل کھیل رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ (ن) لیگ واحد جماعت ہے جس کی گنگا الٹی بہتی ہے۔ تعجب ہے کہ ان کی نریندر مودی کے ساتھ ملاقاتیں جائز اورعسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ناجائز ہیں۔ عمران خان کرپشن اور این آر او کے علاوہ اپوزیشن کی تمام باتیں سننے کے تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ اور(م)لیگ شہبازشریف کو چین سے نہیں بیٹھنے دیتی۔ (ن) لیگ باہر ہے اور ( ش)لیگ اندر اب سارا نظام (م)لیگ کے ہاتھ میں ہے۔ جس نے پارٹی کو یہاں تک پہنچا دیا ہے۔
نوازشریف کی ایک تقریر نے شہبازشریف کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کے ٹو پر چڑھیں یا یواین او جائیں انہیں عمران خان این آر او نہیں دیں گے۔ (م)لیگ کے ساتھ پرویز رشید اور محمود اچکزئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری گلگت بلتستان انتخابات کیلئے کی گئی۔ بتایا جائے دو سال کے دوران شہبازشریف کتنی بار گلگت بلتستان کے دورے پر گئے۔
انہیں رمضان شوگر ملزمیں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ قائد (ن) لیگ کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قرار دیا، ن لیگ والوں نے ان کو اپنا قائد بنا لیا۔ ن لیگیوں کا نعرہ ہے کہ ہمارا وہ امام ہے، کرپشن جس کا کام ہے۔ شاہد خاقان گرفتار ہوئے تو (ن) لیگ انہیں خلیفہ کا درجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں پر ہاتھ ڈالیں تو کہتے ہیں ریاست خطرے میں ہے۔