اہم خبریں

صدر مملکت سے افغان رہنما عبد اللہ عبد اللہ کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ٹی این آئی)صدر مملکت عارف علوی نے افغان امن عمل میں روڑے اٹکانے والے عناصر کے خلاف ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک کو تجارت ، ٹرانزٹ ٹریڈاور عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے افغانستان کے چیئر مین برائے قومی مصالحتی ہائی کونسل ، ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کی افغان مصالحتی ہائی کونسل کے چیئر مین کی حیثیت سے کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
صدر ڈاکٹر علوی نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ افغان تنازعہ کا فوجی حل نہیں ہے اور سیاسی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ افغان قیادت کو اس مسئلے کے سیاسی تصفیے کے لئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چا ہیے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے سراہا صدر مملکت نے کہاکہ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
صدر مملکت نے افغان امن عمل میں روڑے اٹکانے والے عناصر کے خلاف ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں امن نہ صرف خطے بلکہ پاکستان اور افغانستان کے معاشی مفاد میں ہے۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان نے کورونا وبا کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ آسان بنانے کے لئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولے ۔صدر عارف علوی نے کہاکہ دونوں ممالک کو تجارت ، ٹرانزٹ ٹریڈاور عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں ہسپتالوں، سکولوں اور سڑکوں سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان افغان طلبا کو اعلی تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button