اہم خبریںجرم وسزا

اسلام آباد ہائی کورٹ کا آصف علی زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس

اسلام آباد (ٹی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے.
احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس کا ٹرائل فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی احتساب عدالت کے پارک لین ریفرنس میں فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ہم نے احتساب عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کیا ہے،ریفرنس دائر کرتے ہوئے نیب قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، گورنر اسٹیٹ بینک کا کوئی بیان نہیں ہے،یہ بینکنگ کورٹ کا کیس ہے اس کا نیب سے کوئی تعلق نہیں، احتساب عدالت میں بھی دو درخواستیں دائر کی گئی تاہم احتساب عدالت نے دونوں درخواستوں کو خارج کردیا۔
دائرہ اختیار سے متعلق ہماری درخواست میرٹ کو نظر انداز کرکے خارج کی گئی، یہ کیس مورگیج اور پرسنل پراپرٹی کا ہے،پارک لین کے قرض کا معاملہ بینکنگ کورٹ میں زیر التوا ہے، وہاں سے فیصلہ ہوئے بغیر ڈیفالٹ کا ریفرنس احتساب عدالت نہیں سن سکتی. عدالت نے نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ پارک لین ریفرنس کا ٹرائل فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کردی اور اسٹے آرڈر کی درخواست پر بھی نیب کو نوٹس جاری کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button