پاکستان

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہماری تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے'قمرزمان کائرہ

کرمانوالہ (ٹی این آئی) نیازی حکومت کے خاتمے کے ایام جو ں جوں قریب آ رہے ہیں حکومتی وزراء حواس باختہ ہوتے جا رہے ہیں نوکریوں کا جھانسہ دے کرڈیڑھ کروڑعوام کو بے روزگار کرنے والی حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے اور عوام کو مہنگائی کے عذاب میں ڈبو دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ کے ضلعی صدر و سابق وفاقی پارلیما نی سیکریٹری چوہدری سجاد الحسن سے پیپلز پارٹی پنجاب آفس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ جماعتوں کے الائنس پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ گیارہ اکتوبر کو موجودہ نااہل ،سلیکٹڈ اور جعلی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کا آغاز کوئٹہ سے کر رہی ہے ۔
ہماری یہ تحریک حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے اضلاع کا جلد دورہ کرے گی اور کارکنوں کو اس احتجاجی تحریک کے سلسلہ میں منظم کرے گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہماری تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے ۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے مگر حکومتی وزراء کے بیانات سے لگ رہا ہے کہ حکومت اندر سے ہل چکی ہے اور گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے عوام بالکل تیار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اتحاد حکومت کے لئے لوہے کا چنا ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کا حشر نشر ہوچکا ہے عوام کو مہنگائی کا ٹیکے پہ ٹیکا لگایا جارہا ہے ۔
قمرزمان کائرہ نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ظالم نااہل حکومت سے عوام کی جان چھڑائی جائے۔انہوں نے کارکنوں کو تنقید کی ہے کہ وہ حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے تن من دھن کی بازی لگا دیں اور شہیدذوالفقار علی بھٹو کے افکار کے مطابق پیپلزپارٹی میں تازہ روح پھونک کر اس تحریک میں پیپلز پارٹی کا پرچم سر بلند کر دیں ۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اب انشاء اللہ اس حکومت کو چلتا ہی کرنا ہوگا اگر یہ حکومت زیادہ دیر تک قائم رہی تو غریبوں کا جینا اور بھی مشکل ہو جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button